پاکستان‘ بھارت دھمکیاں امن کیلئے خطر ہ ہیں‘ معمولی غفلت خطے کو راکھ کا ڈھیر بنا دیگی: حریت کانفرنس

سرینگر (آن لائن) حریت کانفرنس میر واعظ گروپ نے پاکستان اور بھارت کی جانب سے ایک دوسرے کو دی جانے والی دھمکیوں کو علاقائی امن کیلئے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ایٹمی طاقتوں کی معمولی لاپرواہی خطے کو راکھ کا ڈھیر بناسکتی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ان خیالات کا اظہار چیئرمین حریت کانفرنس میر واعظ عمر فاروق کی زیر صدارت حریت کانفرنس کی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس میں کیا گیا۔ میر واعظ عمر فاروق اور دیگر ارکان کونسل نے وزیراعظم نوازشریف اور من موہن سنگھ کے نام خطوط ارسال کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی ایک دوسرے کیخلاف شرارت آمیز دھمکیوں سے بھرپور سیاست کسی بھی طور جنوبی ایشیائی خطے کے مفاد میں نہیں ہے اور چونکہ دونوں جوہری مملکتیں کشمیر جیسے حساس اور خطرناک مسئلے میں ملوث ہیں لہٰذا دونوں ممالک کی قیادت اپنی سوچ اور رویوں میں تبدیلی پیدا کرکے سنجیدگی اختیار کریں۔