ترک وزیراعظم اخوانی رہنما کی صاحبزادی پر نظم سن کر آبدیدہ

استنبول (آن لائن) مصر میں مسلح فورسز کے عتاب کا شکار جماعت اخوان المسلمون کے سینئر رہنما محمد البالتاجی کی اپنی بیٹی کی اندوہناک موت پر لکھی گئی نظم سننے کے بعد ترک وزیراعظم رجب طیب اردگان آبدیدہ ہو گئے۔ اس نظم کو سننے کے بعد جب ان کا انٹرویو کیا گیا تو وہ بول نہیں سکے۔ اسماءالبالتاجی قاہرہ کے رابعہ العدویہ سکوائر میں دھرنا دینے والے جمہوریت پسند کارکنان کے خلاف مصری سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران جاںبحق ہو گئی تھیں۔ ترک وزیراعظم نے کہا کہ ”ایک مرتبہ مجھے میری بیٹی نے کہا کہ میں گھر میں ایک رات اس کے پاس رہوں لیکن میں بہت مصروف تھا اور اس کے لئے وقت نہیں نکال سکتا تھا۔ میں بالتاجی کے خط میں اپنے بچوں کو دیکھتا ہوں“۔