سعودی عرب کا 87 واں قومی دن آج منایا جائیگا
مدینہ منورہ (جاوید اقبال بٹ) سعودی عرب کے87 ویں یوم الوطنی کی تیاریاں عروج پر‘ تارکین وطن نے 23 ستمبرکو شایان شان طریقہ سے منانے کیلئے پروگرام ترتیب دیئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب امسال شاہ سلمان کی زیر قیادت اپنا87 واں یوم الوطنی منائے گا۔ مدینہ منورہ میں شاہراہوں کو خوبصورتی سے سجا دیا گیا ہے۔ تعلیمی اداروں کو بھی خوبصورت برقی قمقموں سے روشن کر دیا گیا ہے۔ تارکین وطن کی مختلف سیاسی‘ سماجی تنظیمیں یوم الوطنی کی تقریبات میں بڑھ چڑھ کرحصہ لیں گی۔ سعودی انٹرٹینمنٹ اتھارٹی نے یوم الوطنی کو شایان شان طریقے سے منانے کیلئے تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ تارکین وطن اپنی تقریبات میں بانی مملکت سعودی عریبیہ شاہ عبدالعزیزکی قائدانہ صلاحیتوں اور بصیرتوں پر روشنی ڈالیں گے۔ سعودی عرب نے87 سالوں میں تمام شعبوں میں شاندار ترقی کی ہے۔