امریکہ غیر مہذب ملک ، سفارتی عملے کو گرفتار کرنابے رحمی ہے : طیب اردگان
واشنگٹن‘انقرہ(صباح نیوز‘اے این این)امریکہ میں15ترک سیکورٹی اہلکاروں پر فردجرم عائدکردی گئی ہے جس پرصدر رجب طیب اردگان نے امریکہ کو غیر مہذب ملک قرار دیتے ہوئے کہا ہے وہاں تہذیب نام کی کوئی چیز نہیں۔امریکہ ہمیں ترک سفارتی اہلکاروںکی گرفتاری اور فردجرم عائد ہونے کے معاملے پر بات کرتے ہوئے ترک صدر اردگان کا کہنا تھا ان کے حفاظتی اقدامات پرمامور سفارتی عملے کو امریکہ میں گرفتارکیاجانا بے رحمی ہے۔واضح رہے کہ ترک صدر نے مئی میں امریکہ کا دورہ کیا تھا۔ ترک سفیر کی رہائش گاہ کے باہر مظاہرین اور ترک سیکورٹی اہلکاروں کے جھگڑے میں 11مظاہرین زخمی ہوگئے تھے جس پر امریکی حکام نے 15ترک سیکورٹی اہلکاروں سمیت 19افراد کو گرفتار کرلیا تھا جن پر اب فردِ جرم عائد کر دی گئی ہے۔استنبول میں ایک تقریب سے خطاب میں صدر اردگان نے کہا امریکہ میں ان کے محافظوں کے خلاف وارنٹ گرفتاری بھی جاری کئے ۔ یہ وہی امریکہ ہے جہاں انہیں مدعو کیا گیا۔ انہوں نے کہا امریکی خود کوجمہوریت کا گہوارہ کہتے ہیں جبکہ حقیقت یہ ہے کہ تہذیب ان کے پاس سے بھی نہیں گزری۔