جے للیتا کے غم میں مرنے والوں کے لواحقین کو معاوضہ دینے کا اعلان
نئی دہلی(آئی این پی) تامل ناڈو کی سابق وزیراعلیٰ جے للتیا نے اپنی قید کے غم میں جان سے جانیوالے 193افراد کے لواحقین کو فی کس 3لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان کردیا۔رتی میڈیا کے مطابق تامل ناڈو کی سابق وزیراعلیٰ جے للتیا کو گزشتہ ماہ کرپشن الزامات پر 4سال کیلئے جیل بھیجا گیا تھا جس پر تامل ناڈوکی سڑکوں پر شدید عوامی ردعمل سامنے آیا۔ پارٹی کا دعویٰ ہے کہ جے للیتا کے جیل جانے کے غم میں کئی کارکنوں نے سر منڈوائے، روزے رکھے، کئی نے جیل کے باہر ڈیرے ڈال لیے جبکہ 193افراد یہ صدمہ برداشت ہی نہ کرسکے اور جان سے چلے گئے۔ جے للیتا کی پارٹی کا دعویٰ ہے کہ اس صدمے میں 139کارکن دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوئے۔ ان میں 17نے خودسوزی کی، 20نے خود کو سولی پر لٹکا لیا جبکہ 9افراد نے زہر پی کر زندگی کا خاتمہ کیا۔ ضمانت پر رہائی کے بعد جے للیتا نے اپنے جاں نثار کارکنوں اور ہمدردوں کے لواحقین کو معاوضہ ادا کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ ان کی محبت میں زندگی ختم کرنے والوں کے لواحقین کو فی کس 4800ڈالرز یعنی 2لاکھ 94ہزار روپے معاوضہ ادا کیا جائے گا۔ دوسری طرف جے للیتا کے مخالفین نے 193افراد کی خودکشی کی رپورٹس کو مبالغہ آرائی پر مبنی قرار دیا ہے۔