عمران اور ریحام نے عمرہ کی سعادت حاصل کر لی ’’ہمارے قومی ہیرو ہیں‘‘ سعودی اہلکاروں کے پوچھنے پر پاکستانیوں کا جواب

مکہ مکرمہ(آئی این پی)تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور ان کی اہلیہ ریحام خان کیلئے عمرہ کی ادائیگی کے دوران  پاکستانیوں نے   گہری محبت اور وابستگی کا اظہار کیا۔  عمران خان جمعرات کو علی الصبح حرم پاک میں پہنچے تو وہاں موجود پاکستانیوں نے انہیں دیکھ کر  گہری خوشی کا اظہار کیا۔ عمران خان کے ساتھ سینکڑوں پاکستانیوں نے عمرہ کی سعادت حاصل کی۔ طواف اور دیگر مناسک کی ادائیگی کے بعد عمران خان اور ان کی اہلیہ نے فجر کی نماز حرم پاک میں ادا کی۔ عمران خان اور ریحام خان کے ساتھ  سینکڑوں پاکستانیوں نے موبائل پر تصاویر بھی بنائیں۔ عمران خان کے اردگرد جمع سینکڑوں پاکستانیوں کے والہانہ پن کو دیکھ کر حرم  پاک کی سکیورٹی پر مامور سکیورٹی اہلکار روک روک کر پاکستانیوں سے پوچھتے رہے’’ من ہذا رجل‘‘ یہ شخص کون ہے، جس پر پاکستانی سعودی اہلکاروں کو عمران خان کے قومی ہیرو اور  سیاسی رہنما کے طور پر تعارف کراتے رہے۔  وہ آج (جمعہ کو) مدینہ منورہ میں روضہ رسولﷺ پر حاضری دیں گے اور نماز جمعہ  مسجد  نبوی میں ادا کریں گے۔