بہار فسادات: ہندو خاتون کو 10 مسلمانوں کی جانیں بچانے پر وزیراعلیٰ سمیت کئی وزرا کی جانب سے انعامات دینے کا اعلان

 پٹنہ (این این آئی) بھارتی ریاست بہار میں فسادات کے دوران ایک ہندو بیوہ خاتون شائل دیوی نے 10 مسلمانوں کی جانیں بچاکر انسانیت کی اعلیٰ مثال قائم کردی۔ بہار کے علاقے مظفرپورکے گائوں عزیزپور میں ایک ہندو نوجوان کی نعش ملنے کے بعد انتہاپسند ہندو مشتعل ہوگئے تھے انہوں نے مسلمانوں کی جھونپڑیوں کوآگ لگادی تھی۔ جس سے 3 افراد زندہ جل گئے، ایسے شدید فسادات کے دوران ایک ہندو بیوہ شائل دیوی نے اپنے گھر میں 10 مسلمانوں کو پناہ دی اور مشتعل ہندوئوں کو یہ کہہ کر واپس بھیج دیا کہ اس کے گھر میں کوئی بھی نہیں گھر میں گھسنے کی کوششوں کے باوجود شائل دیوی نے انھیں گھر میں نہیں آنے دیا۔ شائل دیوی کی شہرت دور دور تک پھیل چکی اور وزیراعلیٰ بہارسمیت کئی وزرا نے اس کے اس عمل کو سراہا ہے اور انعامات دینے کا اعلان کیا۔