سابق فرانسیسی وزیراعظم ڈومینک دویلپاں پر مقدمہ شروع

فرانس (اے ایف پی) فرانس کے سابق وزیرِاعظم ڈومینک دویلپاں پر صدر نکولا سرکوزی کو بدنام کرنے کی سازش کا مقدمہ شروع ہو گیا ہے۔ سابق وزیراعظم پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک عدالتی تحقیقات کو ایسا رخ دینے کی کوشش کی تھی جس کے نتیجے میں دو ہزار سات کے فرانسیسی صدارتی انتخاب میں نکولا سرکوزی کے صدر منتخب ہونے کے امکانات متاثر ہو سکتے تھے۔اگر ڈومینک دویلپاں پر یہ الزام ثابت ہو جاتا ہے تو انہیں پانچ سال جیل کی سزا اور پینتالیس ہزار یورو یا اکتالیس ہزار پاؤنڈ جرمانہ ادا کرنے کی سزائیں ہو سکتی ہیں۔ سابق وزیراعظم نے کسی بھی غلط کاری کی تردید کی ہے۔ انہوں نے کمر? عدالت میں داخل ہونے سے پہلے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’میں یہاں اس لیے ہوں کہ ایک آدمی اپنی خواہش کی تکمیل چاہتا ہے۔ میں یہاں اس لیے ہوں کہ ایک آدمی، نکولا سرکوزی جو فرانس کا صدر بھی ہے، اپنی ضد پر اڑا ہوا ہے۔‘