امریکہ میں فلسطین اسرائیل سربراہ ملاقات

امریکہ (اے ایف پی) وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ اسے اسرائیلی اور فلسطینی رہنماؤں کے مابین ہونے والی ملاقات سے بہت زیادہ امیدیں نہیں ہیں۔ امریکہ کے صدر براک اوباما منگل کو اسرائیلی وزیراعظم بن یامن نیتن یاہو اور فلسطینی انتظامیہ کے صدر محمود عباس سے مشترکہ ملاقات کی میزبانی کریں گے۔ وائٹ ہاؤس کے ترجمان رابرٹ گبز کے مطابق امریکہ اب تک ہونے والی پیش رفت کو مزید آگے بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ صرف ایک ملاقات سے انہیں بہت زیادہ امیدیں نہیں ہیں۔ یہ ملاقات مشرقِ وسطیٰ امن بات چیت دوبارہ شروع کرنے کی راہ ہموار کرنے کے لیے کی جا رہی ہے۔