سٹرٹیجک شراکت داری مستحکم کرنے اور خطے میں امن کیلئے پاکستان کی حمایت جاری رکھیں گے: چین

سٹرٹیجک شراکت داری مستحکم کرنے اور خطے میں امن کیلئے پاکستان کی حمایت جاری رکھیں گے: چین

بیجنگ (آئی این پی) چین نے کہا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ سٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے اور خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کی مکمل حمایت جاری رکھے گا‘ اقتصادی راہداریوں کی تعمیر میں ٹھوس پیشرفت کے خواہاں ہیں۔ ان خواہشات کا اظہار چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ نے پاکستانی ہم منصب نواز شریف‘ چینی صدر ژی ین پنگ نے صدر ممنون حسین کے نام یوم پاکستان کے موقع پر اپنے علیحدہ علیحدہ تہنیتی پیغامات میں کیا۔ چینی وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ وہ پاک چین روایتی دوستی اور دوطرفہ تعاون کے فروغ کیلئے نواز شریف کیساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ ہم پاک چین اقتصادی راہداریوں کی تعمیر میں ٹھوس پیشرفت چاہتے ہیں تاکہ مشترکہ ترقی کے مطلوبہ مقاصد حاصل کئے جا سکیں\ انہوں نے کہا موجودہ سال پاکستان اور چین کے تعلقات کے اہداف کے حصول اور ترقی کا سال ہے۔ جبکہ صدر ممنون حسین کو یوم پاکستان پر لکھے گئے اپنے خط میں چینی ہم منصب ژی ین پنگ نے چینی حکومت اور عوام کی طرف سے مبارکباد پیش کی اور کہا کہ پاکستان ہر شعبے میں ترقی کررہا ہے اور وہ خطے اور دنیا میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ایشین ٹائیگر بننے کا خواب ضرور پورا ہو گا اور پاکستان ایک دن انتہائی مضبوط اور خوشحال ملک بن جائے گا۔