گیبون میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں،ایک طالب علم سمیت 4مظاہرین ہلاک

لیبرویلے (اے پی پی) وسطی افریقی ملک گیبون کے دارالحکومت لیبرویلے میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کے دوران ایک طالب علم سمیت 4 مظاہرین ہلاک ہو گئے۔ ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق اپوزیشن نے گیبون کے دارلحکومت لیبرویلے میں ایک احتجاجی ریلی نکالی، جس میں مظاہرین صدر علی بونگو انڈیمنا کے استعفیٰ کا مطالہ کر رہے تھے۔ رپورٹس کے مطابق پولیس نے اپوزیشن کی ریلی میں شریک مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس پھینکی۔ پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپ کے دوران ایک طالب علم ہلاک ہوگیا۔ اپوزیشن نے الزام لگایا ہے کہ پولیس تشدد سے تین افراد ہلاک اور 100 زخمی ہوگئے جبکہ پولیس نے درجنوں مظاہرین کو گرفتار کر لیا۔