ذکی الرحمان لکھوی کی ضمانت عدالتی حکم تھا، چیلنج کرنے پر غور کیا جا رہا ہے:عبدالباسط

نئی دہلی (آئی این پی) بھارت میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے کہا ہے کہ پاکستان سانحہ پشاور کے بعد دہشتگردی کے خلاف فیصلہ کن انداز میں آگے بڑھ رہا ہے، امید ہے اس کے اچھے نتائج حاصل ہوں گے، ذکی الرحمان لکھوی کی ضمانت عدالتی حکم تھا جس کے بعد حکومت نے انہیں نظر بند کر دیا، ذکی الرحمان کی ضمانت کو چیلنج کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ اتوار کو بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستانی حکومت نے ذکی الرحمان لکھوی کو ضمانت ملنے کے فوری بعد نظر بند کردیا ہے اور انکی درخواست ضمانت کو چیلنج کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔ عبدالباسط نے کہاکہ پاکستان پشاور حملے کے بعد دہشتگرد ی کے خلاف فیصلہ کن انداز میں آگے بڑھ رہا ہے امید ہے اس کے اچھے نتائج حاصل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ذکی الرحمان کی ضمانت ایک عدالتی حکم تھا جس کے بعد حکومت نے فوری طور پر انہیں نظر بند کر دیا۔