حراستی مرکز گوانتانامو بند کرنے کے لئے جو ہو سکا کروں گا: اوباما کا عزم

حراستی مرکز گوانتانامو بند کرنے کے لئے جو ہو سکا کروں گا: اوباما کا عزم

واشنگٹن (رائٹرز) امریکی صدر باراک اوباما نے ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا ہے کہ چار افغان قیدیوں کو ان کے ممالک واپس بھیجنے کے بعد وہ گوانتانامو جیل کو بند کرنے کیلئے جو کرسکے، کریں گے۔ اوباما نے 6 سال قبل اقتدار سنبھالتے وقت اس جیل کو بند کرنے کا وعدہ کیا تھا مگر عہدہ سنبھالنے کے بعد وہ کانگریس کی جانب سے کچھ رکاوٹوں کے باعث اس جیل کو بند کرنے میں ناکام رہے تھے۔ سی این این پر نشر انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا اس جیل کی وجہ سے دنیا بھر میں جہادی اور انتہاپسند اس بات سے متاثر ہورہے ہیں کہ انہیں قید رکھا گیا ہے۔ یہ جیل ہماری اقدار کے منافی اور انتہائی مہنگی ہے۔ وہاں ہر بندے پر لاکھوں ڈالر خرچ کئے جارہے ہیں۔ہم نے وہاں کی آبادی کو بھی انتہائی کم کردیا ہے۔ ہفتہ کے روز پینٹاگون نے کہا تھا کہ 4 افغان قیدیوں کو ان کے وطن واپس بھیج دیا گیااور یہ اقدام جیل کو بتدریج بند کرنے کی جانب ایک اقدام ہے۔