بھارت ، شمال مشرقی ریاست منی پور میں بم دھماکہ، 3 مزدور ہلاک ،4 زخمی

نئی دہلی/ اپھال (آئی این پی) بھارت کی شمال مشرقی ریاست منی پور میں بم دھماکے میں 3 افراد ہلاک اور 4 شدید زخمی ہوگئے ۔اتوار کو بھارتی میڈیا کے مطابق منی پور کے دارالحکومت امپھال میں زور دار دھماکہ ہوا جس میں تین افراد ہلاک اور چار زخمی ہوگئے ۔پولیس حکام کا کہناہے کہ خود ساختہ دھماکہ خیز مواد (آئی ای ڈی) امپھال مارکیٹ اور بس اڈے کے قریب سڑک کے کنارے نصب کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں تین مزدور ہلاک اور چار زخمی ہوگئے ۔زخمیوں کو علاقائی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل ہسپتال میں منتقل کردیا گیا جہاں انکی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے ۔دھماکے کے بعد اعلی پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے اور واقعے کے ذمہ داران کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ۔کسی بھی عسکریت پسند گروپ نے دھماکے کی تاحال ذمہ داری قبول نہیں کی ۔منی پور کے وزیراعلی نے دھماکے کی مذمت کی ہے ۔