افغان الیکشن کمشن نے 13 لاکھ ووٹ مسترد کردیئے ۔۔ دھاندلی کی 4 ہزار سے زائد شکایات

کابل (اے ایف پی) افغانستان میں الیکشن حکام نے گذشتہ ماہ پارلیمانی انتخابات میں ڈالے جانے والے تیرہ لاکھ ووٹ انتخابی دھاندلیوں کے باعث مسترد کر دئیے ہیں۔ ان انتخابات میں تقریباً 56 لاکھ ووٹ پڑے‘ جن میں سے مسترد ووٹوں کی تعداد تقریباً ایک چوتھائی ہے۔ پارلیمان کے ایوان زیریں کے لئے ہونے والے انتخابات میں ووٹ پڑنے کی شرح لگ بھگ 40 فیصد رہی۔ نتائج کے حتمی اعلان میں ابھی چند ہفتے لگیں گے کیونکہ انتخابی دھاندلیوں کے سلسلے میں کوئی دو سو امیدواروں کے خلاف تحقیقات ہو رہی ہے۔ اقوام متحدہ کے زیر انتظام قائم انتخابی الیکشن کمشن 4 ہزار سے زیادہ باضابطہ شکایات کی تفتیش کر رہا ہے۔ کابل سے بی بی سی کے نامہ نگار نے بتایا ہے کہ انتخابی دھاندلیوں کے منظر عام پر آنے کے باوجود بین الاقوامی برادری اس کی مذمت کرنے میں کسی جلد بازی سے کام نہیں لے رہی۔