خوشی کا عالمی دن منایا گیا، خوش ممالک میں ناروے پہلے، پاکستان کی 12 درجے بہتری 80 ویں پر آ گیا ، بھارت کا 122 واں نمبر

لندن+نیویارک (ایجنسیاں) پاکستان سمیت دنیا بھر میں خوشی کا عالمی دن منایا گیا جس سلسلے میں تقریبات اور سیمینارز کا انعقاد کیا گیا۔ اقوام متحدہ کی ایجنسی کی جانب سے جاری ہونے والی تازہ رپورٹ میں ناروے کو دنیا کا خوش و خرم ترین ملک قرار دیا گیا ہے۔ گذشتہ برس ڈنمارک اس فہرست میں اول نمبر پر تھا۔ 'دی ورلڈ ہیپینیس رپورٹ' میں لوگوں کی نفسی بہبود، وہ کتنے خوش ہیں اور آخر اس کی وجہ کیا ہے جیسے عوامل کا تجزیہ کیا جاتا ہے۔ اس برس کی فہرست میں ناروے، ڈنمارک، آئس لینڈ، سوئٹزر لینڈ اور فن لینڈ بالترتیب دنیا کے پانچ سب سے خوش و خرم ملک ہیں۔ اس کے برعکس مرکزی افریقہ میں سب صحارا خطے کے افریقی ممالک دنیا کے سب سے زیادہ ناخوش ممالک ہیں۔ مغربی یورپ اور شمالی امریکہ کے ممالک سب سے آگے ہیں جبکہ امریکہ 14ویں نمبر اور برطانیہ 19 ویں مقام پر ہے۔ اس فہرست میں پاکستان کا نمبر 80 واں بتایا گیا گزشتہ پاکستان کا 92واں نمبر تھا جبکہ پاکستان انڈیا سے 32 درجے بہتر ہے جبکہ انڈیا 122 ویں اور افغانستان 141 ویں نمبر پر ہے۔155 ممالک کی فہرست میں جنگ زدہ ملک شام 152 ویں نمبر پر ہے جبکہ یمن اور سوڈان، جہاں قحط جیسی صورت حال کا سامنا ہے، بالترتیب 146 اور 147 ویں مقام پر ہیں۔اقوام متحدہ کی جانب سے عالمی یوم خوشی 20 مارچ کو منایا جاتا ہے اور اس بار اتفاق سے خوش ترین ممالک کی فہرست اسی دن جاری کی گئی ہے۔ اس کے تحت ہر برس دنیا کے ڈیڑھ سو ممالک میں 1000 افراد سے نفسیاتی نوعیت کے سوالات کیے جاتے ہیں۔