بجٹ میں کمی،پاکستان افغانستان کیلئے امریکی نمائندے کی پوزیشن تحلیل ہونےکا خدشہ
واشنگٹن (آن لائن) سفارتی ذرائع نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے بجٹ میں کمی کے باعث پاکستان اور افغانستان کے لیے امریکہ کے خصوصی نمائندے جیسی اہم سفارتی پوزیشن تحلیل ہو سکتی ہے، جو خطے میں امن کی بحالی کے سلسلے میں خاص اہمیت کی حامل ہے۔ امریکی میڈیا سے بات کرتے ہوئے سفارتی ذرائع نے بتایا کہ سٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے بجٹ میں 28 فیصد کٹوتی، امریکی اتحادیوں کو دی جانے والی غیرملکی امداد کو متاثر کرے گی لیکن اس کے ساتھ ساتھ مالی سال 19-2018 کے بجٹ میں ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے کی جانے والی کمی محکمہ خارجہ کے سائز کو بھی کم کرنے کا باعث بنے گی۔ امریکی حکومت میں تقرریوں، تبادلوں اور معطلی کے حوالے سے رپورٹ کرنے والے اخبار شکاگو ٹریبیون نے رپورٹ کیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے ساتھی اس بات پر غور کر رہے ہیں کہ خصوصی نمائندوں کی پوزیشنز کو ختم کیا جائے یا نہیں، اگر یہ تجاویز منظور ہوجاتی ہیں تو اس سے اہم خطوں میں اور اہم مسائل کے حوالے سے تعینات سفارتی عملہ متاثر ہوگا جن میں ماحولیاتی تبدیلی اور مسلم کمیونٹیز شامل ہیں۔
خدشہ