بھارت نے سیاسی تنازعہ ختم کرانے کیلئے اپنا ایلچی مالدیپ بھیج دیا

 مالے (اے ایف پی) مالدیپ کی عدالت نے بھارتی سفارتخانے میں پناہ لینے والے سابق صدر محمد نشید کیخلاف مقدمہ کی سماعت ملتوی کر دی جبکہ بھارت نے سیاسی تنازعہ ختم کرنے کی کوشش کے سلسلے میں اپنے ایک سینئر سفارتکار کو مالدیپ بھیجا ہے۔ سابق صدر کی ڈیموکریٹک پارٹی کی خاتون ترجمان کے مطابق محمد نشید کے خلاف گذشتہ روز مقدمے کی سماعت شروع ہوئی تو پولیس نے عدالت کو بتایا کہ بھارتی سفارتخانہ میں پناہ لینے کے باعث محمد نشید کو گرفتار نہیں کر سکتے جس کے بعد سماعت منسوخ کر دی گئی۔ صدارتی ترجمان مسعود عمار نے تصدیق کی کہ سماعت منسوخ کی گئی ہے تاہم کیس اب بھی زیرالتواءہے۔ بھارت کے یہاں پہنچنے والے سینئر سفارتکار ہرش وردھان شرنگلہ مالدیپ کے سیاسی رہنماﺅں سے مذاکرات کر رہے ہیں۔ محمد نشید کی پارٹی نے بتایا ہے کہ انہیں بھارتی ایلچی سے توقع ہے کہ وہ محمد نشید کے سفارتخانہ سے باہر آنے پر ان کی سلامتی، عدم گرفتاری کی گارنٹی حاصل کرنے کے علاوہ ایک معاہدے کے تحت سابق صدر کے 7ستمبر کو ہونیوالے صدارتی الیکشن میں شرکت کو یقینی بنائیں گے۔