دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ کرینگے: پاکستانی سفارتکار‘ بچوں پر حملے کی مذمت
اقوام متحدہ (نما ئندہ خصوصی) اقوام متحدہ میں پاکستان کے ایک اعلیٰ سفارتکار نے پشاور میں آرمی پبلک سکول پر دہشت گردوں کے وحشیانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کرنے کا عزم ظاہرکیا ہے۔ اقوام متحدہ میں ”ٹیرر ازم اینڈ کراس بارڈر کرائم“ کے موضوع پر مباحثے میں حصہ لیتے ہوئے صاحبزادہ احمد خان نے سلامتی کونسل کو بتایا کہ دہشت گردوں نے ہمارے بچوں پرحملہ کیا اور ہمارے دلوں کو ٹھیس پہنچائی اور اب ہم انہیں اپنی سرزمین سے مکمل طور پر ختم کریں گے۔ پاکستانی مندوب نے دنیا بھر کے وفود کو بتایا کہ پاکستان دہشتگردوں پر غلبہ حاصل کر ے گا اور سوگ منانے سے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہمارا عزم مزید مستحکم ہوا ہے۔ پشاور سکول پر دہشتگرد حملے کے دوران اساتذہ‘ خاتون پرنسپل اور بچوں کی بہادری کا جذباتی انداز میں ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان لوگوں نے اپنی جانیں بچانے کی بجائے دوسروں کی مدد کو ترجیح دی اور اپنی جان قربان کر دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ میری قوم اور میرے لوگ ہیں اور اقوام متحدہ میں ایسی بہادر قوم کی نمائندگی کرنا میرے لئے اعزاز کی بات ہے۔