نئی پابندیاں شیطانی عمل، جتنا بیرونی دباﺅ بڑھے گا، ایٹمی پروگرام تیز کرینگے: شمالی کوریا
پیانگ یانگ+واشنگٹن(آن لائن+اے پی پی) شمالی کوریا نے اقوام متحدہ کی جانب سے عائد مزید پابندیوں کو دشمن کا غیر اخلاقی، غیر انسانی اور شیطانی عمل قرار دیدیا ہے۔ وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے ایک سخت بیان میں کہا گیا پیانگ یانگ پر جتنی زیادہ پابندیاں عائد کی جائیں گی اور جتنا زیادہ بیرونی دباو¿ بڑھایا جائے گا، ہمارا جوہری پروگرام اتنی ہی تیز رفتاری سے آگے بڑھے گا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق دفتر خارجہ نے بیان میں کہا امریکہ اور اس کے حامیوں کی جانب سے شمالی کوریا پر پابندیوں اور دباو¿ میں اضافے سے صرف یہ ہو گا کہ ہم اپنے ایٹمی پروگرام کی تکمیل کی جانب کا سفر زیادہ تیزی سے طے کریں گے۔بیان میں مزید کہا گیا 11 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جانب سے عائد کی گئی پابندیوں کا مقصد 'شمالی کوریا کی عوام، نظام اور حکومت کو ختم کرنا ہے۔دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے شمالی کوریا کو فوجی حملے کی دھمکی دی ۔امریکہ کے وزیرخارجہ نے سی بی ایس ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اگر جزیرہ نمائے کوریا کے بحران کے حل کے لئے امریکہ کی سفارتی کوششیں ناکام ہوگئیں تو شمالی کوریا پر فوجی حملہ ہی واحد راستہ باقی رہ جائے گا۔رےکس ٹلرسن نے شمالی کوریا کے خلاف پابندیاں جاری رکھنے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں امریکی پالیسی یہ ہے کہ شمالی کوریا ایٹمی ہتھیاروں کا مالک نہ رہے اور اس ملک سے اس طرح کے ہتھیار فائر کئے جانے کی صلاحیت سلب کر لی جائے۔