ایران نے 160دہشت گردوں کو پناہ دے رکھی ہے‘ بحرین
منامہ (این این آئی)خلیجی ریاست بحرین کے حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث بیسیوں عناصر کو ایران نے پناہ دے رکھی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کی کارروائیوں کی بناء پر جن لوگوں کی بحرینی شہریت منسوخ کی گئی تھی اور ان کے خلاف عدالتوں میں مقدمات چلانے کا فیصلہ کیا گیا، ان میں سے 160 دہشت گرد ایران کی پناہ میں ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ ایران میں پناہ لینے والے 160 شدت پسندوں پر دہشت گردی کی کارروائیوں میں 25 سیکیورٹی اہلکاروں کے قتل اور تین ہزار سے زائد کو زخمی کرنے کے الزامات ہیں۔ یہ تمام عناصر بحرین کی عدالتوں کی طرف سے اشتہاری قرار دے کر ان کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔بحرین کے وزیر داخلہ جنرل الشیخ راشد بن عبداللہ آل خلیفہ نے حال ہی میں اخبار ’الشرق الاوسط‘ کو بتایا تھا کہ بحرین میں دہشت گردی کے واقعات میں ایرانی پاسداران انقلاب ملوث ہے۔انہوں نے کہا کہ انٹیلی جنس معلومات اور گرفتار کیے گئے دہشت گردوں کی فراہم کردہ معلومات سے یہ انکشاف ہوا ہے کہ پاسداران انقلاب بحرین میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں براہ راست ملوث ہے۔