امریکہ نے فلسطینی مشن بند کیا تو رابطے ختم کر دیں گے: پی ایل او
غزہ(آن لائن + اے این این) تنظیم آزادی فلسطین نے امریکی دھمکیوں کا دو ٹوک جواب دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر واشنگٹن میں فلسطینی مشن بند کیا گیا تو امریکا سے ہرطرح کے رابطے ختم کردئیے جائیں گے۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق پی اویل کے سیکرٹری جنرل صائب عریقات نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر پوسٹ کردہ ایک بیان میں کہا تنظیم نے امریکا کو باضابطہ طورپر بتا دیا ہے کہ اگر ’پی ایل او‘ کے واشنگٹن میں بند کئے گئے دفاتر کھولے جانے تک امریکی انتظامیہ سے تمام روابط معطل کردیے جائیں گے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا ارادہ کیے ہوئے ہیں۔ اسرائیلی میڈیا کا دعوی ہے کہ نئے منصوبے کے تحت مقبوضہ بیت المقدس تقسیم نہیں ہو گا، مغربی کنارے سے یہودی بستیاں خالی نہیں کرائی جائیں گی، نہ ہی عربوں کو نکالا جائے گا۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ کے منصوبے کے تحت علاقوں کا تبادلہ کیا جائیگااور فلسطینیوں کو آمادہ کرنے کیلئے عرب ممالک سے لاکھوں ڈالر امداد دلوائی جائے گی۔اسرائیلی میڈیا نے انکشاف کیا صدر ٹرمپ کے نئے منصوبے کے تحت سعودی عرب اہم کردار کرے گا۔