بھارتی فوج نے ایل اوسی کے قریب گرفتار کیے گئے پاکستانی شہری کو رہا کر دیا، پاک فوج کے حوالے

پونچھ/ مظفر آباد (اے این این) بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے قریب گرفتار کیے گئے پاکستانی شہری کو پاک فوج کے حوالے کر دیا۔ 65 سالہ محمد فریاب نے غلطی سے لائن آف کنٹرول پار کر لی تھی۔ بھارتی فوجیوں نے مشکوک سمجھ کر حراست میں لے لیا۔ چھان بین کے بعد چھوڑ دیا گیا۔ بھارتی فوج نے چار روز قبل نوشہرہ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول کے قریب پاکستانی شہری کو حراست میں لے لیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ شہری غلطی سے اس پار علاقہ میں داخل ہوا۔ فوج نے اس سے پوچھ گچھ بھی کی اور اس کی تحویل سے کوئی اسلحہ یا قابل اعتراض چیز برآمد نہیں ہوئی۔ اس سلسلے میں گذشتہ روز پونچھ میں چکاں داغ باغ کراسنگ پوائنٹ پر دونوں طرف کے فوج افسران کے درمیان میٹنگ منعقد ہوئی جس کے دوران فریاب کو پاکستانی فوج کے حوالے کر دیا گیا۔ واضح رہے کہ گذشتہ دنوں پونچھ میں کنٹرول لائن پر ایک اور شخص کو حراست میں لیا گیا تھا جو بدستور پولیس کی تحویل میں ہے اور اس سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔