سعودی عرب سمیت چار ممالک نے قطر کیلئے شرائط میں نرمی کردی ہے۔ اقوام متحدہ میں سعودی عرب کے سفیر عبداللہ المعلمی نے کہا ہے کہ دوحہ دہشتگردی اور عسکریت پسندی کے خاتمے کے ساتھ صرف چھ اصولوں پر عمل کرے تو صورتحال بہتر ہوسکتی ہے۔اقوام متحدہ میں سعودی عرب کے سفیر عبداللہ المعلمی نے نیویارک میں میڈیا کو بتایا کہ قطر پانچ جولائی کو خلیج تعاون کونسل کے وزرا خارجہ کے قاہرہ میں ہوئے اجلاس کے دوران طے کئے گئے اصولوں پر عمل کرے۔تمام مسائل حل ہوجائیں گے۔پہلے اصول کے مطابق قطرکو دہشتگردی اور عسکریت پسندی کو ہر صورت میں ختم کرنا اور ان کی مالی مدد بند کرنے کا عہد کرنا ہوگا۔دوسری شرط کے تحت دوحہ کو تشدد اور نفرت بھڑکانے کی تمام کارروائیاں معطل کرنا ہوں گی۔تیسری شرط کے مطابق قطر کو دوہزار تیرہ کے ریاض معاہدے اور اس سے منسلک تمام شرائط پر عمل کرناہوگا۔ اور خلیج تعاون کونسل کے دوہزار چودہ کے فریم ورک کے مطابق اس پر عمل کرنا ہوگا۔چوتھے اصول کے مطابق قطر کو مئی دوہزار سترہ میں ریاض میں عرب- امریکا سربراہ کانفرنس کے تمام اعلانات پر عمل اور اس کے نتائج کو تسلیم کرنا ہوگا۔پانچویں شرط کے مطابق قطر کو ریاستوں کے اندرونی معاملات میں مداخلت سے اجتناب کرنا ہوگا اور ان کی حزب اختلاف یا اداروں کی غیر قانونی حمایت اور امداد بند کرنا ہوگی۔چھٹی شرط یہ ہے کہ قطر سمیت تمام خلیجی تعاون کونسل کے رکن ممالک کودہشتگردی اور عسکریت پسندی کی ہرشکل و صورت کو ختم کرنا ہوگا۔ خطے اور عالمی امن و استحکام کے خطرات سے نمٹنا ہوگا۔معلمی نے میڈیا کو بتایا اگر قطر تشدد کو بھڑکانا بند کردے توالجزیرہ ٹی وی چینل اور اس سے منسلک جرائد و اخبارات کو بند کرنا لازمی نہیں ہوگا۔ عبداللہ معلمی کا کہنا تھا اگر یہ تمام شرائط الجزیرہ کو بند کرنے سے حل ہوسکتی ہیں تو ٹی وی چینل اور منسلک اشاعتوں کو بند کردیا جائے۔
پنجاب حکومت نے پیر کو چھٹی کا اعلان کر دیا
Mar 28, 2024 | 17:38