یمن: بمباری‘ ایک ہی خاندان کے 7 افراد سمیت 20 جاں بحق: ایران حوثیوں کو جدید ہتھیار دیتا ہے: امریکہ
صنعاء (این این آئی+ اے ایف پی) یمن میں سعودی عسکری اتحاد کے ایک فضائی حملے میں 20عام شہری مارے گئے،جرمن ریڈیو کے مطابق یمنی حکام نے بتایا کہ مغربی صوبے تعز کے ضلع موزع میں ایک طیارے سے کیے گئے حملے میں ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ زخمیوں کی تعداد نہیں بتائی گئی تاہم ان کئی خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ ہلاک شدگان ایک ہی خاندان کے ارکان تھے۔ یمنی رضاکاروں نے سوشل میڈیا پر وزیر مقامی انتظامیہ عبدالرقیب فتح کی ایک دل کو چھو لینے والی تصویرجاری کی ہے جس میں وہ تعز کے مضافات میں واقع ایک گاوں میں اپنی والدہ سے ڈھائی برس کی جبری جدائی کے بعد گلے ملتے دیکھتے جا رہے ہیں۔ امریکہ نے اس بات پر اظہارِ تشویش کیا ہے کہ ایران نے مشرق وسطیٰ میں سرگرمیاں جاری رکھی ہوئی ہیں، جن کا مقصد علاقائی استحکام، سلامتی اور خوش حالی کو نقصان پہنچانا ہے۔بیان میں محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیدر نوئرٹ نے کہا کہ ایران حزب اللہ، حماس اور فلسطینی اسلامی جہاد جیسے دہشت گرد گروہوں کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے، جن سے اسرائیل کو خطرہ ہے، جب کہ یہ مشرق وسطیٰ کے استحکام کے لیے نقصان دہ ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران سے اِن جاری خطرات کے جواب میں امریکی انتظامیہ نے منگل کے روز ان 18 تنظیموں اور افراد کو کالعدم قرار دیا، جو ایران کے بیلسٹک میزائل پروگرام کی حمایت کرتے ہیں اور ایران کے اسلامی انقلابی پاسداران دستے آئی آر جی سی کو حربی سہولیات، اور ساتھ ہی ایران میں سرگرم کثیر ملکی جرائم پیشہ تنظیم اور منسلک افراد کو سہولیات فراہم کرتے ہیں۔