چین پاکستان کے ساتھ مل کر بھارت پر حملے کیلئے پوری طرح تیار ہے،ملائم سنگھ
نئی دہلی (آئی این پی )بھارتی سماج وادی پارٹی کے رہنما اور سابق وزیر دفاع ملائم سنگھ یادو نے دعویٰ کیا ہے کہ چین پاکستان کے ساتھ مل کر بھارت پر حملے کیلئے پوری طرح تیار ہے اور اس نے بھارت کو نشانہ بنانے کیلئے پاکستان میں جوہری ہتھیار دفن کردیئے ہیں۔بدھ کو بھارتی میڈیا کے مطابق سماج وادی پارٹی کے رہنما اور سابق وزیر دفاع ملائم سنگھ یادو نے لوک سبھا میں خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ چین پاکستان کے ساتھ مل کر بھارت پر حملے کیلئے تیار ہے ،حکومت تبت کے معاملے پر اپنے موقف اور اسکی آزادی کے بارے میں آگاہ کرے ۔لوک سبھا میں بھارت چین کشیدگی کے پس منظر میں معاملہ اٹھاتے ہوئے ملائم یادو نے کہاکہ حکومت ایوان کو آگاہ کرے کہ ہمسایہ ملک سے درپیش کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کیلئے کیا اقدامات کیے گئے ہیں۔ بھارت کو آج چین سے ایک بڑا خطرہ لاحق ہے ہم مرکزی حکومت کو کئی سالوں سے خبردار کرتے آرہے ہیں۔انھوںنے کہاکہ چین نے پاکستان کے ساتھ ہاتھ ملا لیا ہے او ر اس نے بھارت پر حملے کی پوری تیاری کرلی ہے ۔چین بھارت کا سب سے بڑا مخالف ہے ،حکومت نے کیا کیا ہے ؟ کشمیر میں چینی فوج نے پاکستانی فوج کے ساتھ اتحاد کیا ہے۔چین بھارت کیلئے پاکستان کی نسبت بڑا خطرہ ہے ملک میں چینی مصنوعات پر پابندی عائد کی جائے ۔