ہلمند : آپریشن مشترک کے دوران مزید 8 نیٹو فوجی ہلاک‘ 20 سے زائد زخمی

کابل، ہلمند (آئی این پی) افغانستان کے صوبے ہلمند میں طالبان کیخلاف جاری آپریشن کے دوران ایک دن میں8 نیٹو فوجی ہلاک 20 سے زائد زخمی ہو گئے، آپریشن کے بعد سے اب تک19غیر ملکی فوجی ہلاک ہوچکے ہیں۔ کابل میں نیٹو کی انٹر نیشنل اسسٹینس فورس کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان میں تصدیق کی ہے کہ جمعہ کو ایک دن کی کارروائی میں8 نیٹو فوجی مارے گئے جبکہ 20 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔ اس سے پہلے گزشتہ رات ایساف نے چار فوجیوں کے مارے جانے کی تصدیق کی تھی۔ایساف ترجمان نے کہا کہ نیٹو پالیسی کی وجہ سے فوجیوں کی قومیت نہیں بتائی جاسکتی تاہم برطانوی دفاعی حکام نے کل رات کہا تھا کہ نیٹو آپریشن کے دوران دو برطانوی فوجی ہلاک ہوگئے ہیں ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ہلاک ہو نے والے فوجی چھوٹے ہتھیاروں کے حملے میں مارے گئے ہیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق افغانستان کے صوبہ ہلمند میں طالبان کیخلاف جاری آپریشن میں اتحادی افواج کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ طالبان مختلف طریقوں سے اتحادی افواج پر حملے کر کے ان کو پسپا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔