پاکستان کنٹر میں مسلسل گولہ باری کر رہا ہے‘ افغانستان میں تباہ کن کردار بند کرے: کرزئی کا پھر الزام
کابل(آئی این پی+اے ایف پی)افغان صدر حامد کرزئی نے پاکستان پر مشرقی صوبہ کنٹر میں مسلسل گولہ باری کرنے کے الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان میں اپنا تباہ کن کردار بند کرے، افغانستان نے طویل عرصے تک قربانیاں دیں لیکن اپنی آزادی کو برقرار رکھا،ملک کی آزادی عوام کی یکجہتی اور اتحاد کا نتیجہ ہے۔منگل کو افغان میڈیا کے مطابق افغان صدر نے کابل میں95 ویں یوم آزادی کی تقریب میں شرکت کی وزیر دفاع بسم اللہ محمدی ،صدارتی امیدوار ڈاکٹر اشرف غنی،ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ ،افغان وزراء اور دیگر سیاسی شخصیات بھی موجود تھیں۔افغان صدر نے کہاکہ افغانستان نے کئی سال قربانیاں دیں لیکن اپنی آزادی کو برقرار رکھا۔حامدکرزئی نے کہا کہ پاکستان مشرقی صوبہ کنٹر میں مسلسل گولہ باری کررہا ہے ۔افغان وزارت دفاع نے قومی سلامتی کونسل کے اجلاس میں پاکستان کی جانب سے افغانستان میں مداخلت کے امور پر رپورٹ پیش کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ پاکستان کی خفیہ ایجنسی افغانستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے افغان پیشہ وار افراد کی فنڈنگ کررہی ہے اور اس سلسلے میں پیشہ وار افراد کو ماہانہ 30 ہزار روپے دیے جارہے ہیں۔