مسلمان قاتلانہ حملے، کفر کے فتوے دینے والوں سے ہوشیار رہیں: سعودی مفتی

ریاض (آن لائن) سعودی عرب کے مفتی اعلیٰ شیخ عبدالعزیز آل الشیخ نے فرزندان اسلام سے کہا ہے کہ کفر کے فتوے جاری کرنیوالوں اور قاتلانہ حملے کرنیوالوں سے ہوشیار رہیں۔ انہوں نے بیان جاری کرکے توجہ دلائی کہ امت مسلمہ ان دنوں تاریخ کے نازک دور سے گزررہی ہے۔ مسلم دنیا میں خطرناک تبدیلیاں تیزی سے آرہی ہیں۔اس ماحول میں بعض لوگ مسلمانوں کا خون بہانے کے فتوے دے رہے ہیں۔ فرقہ وارانہ نعرے اور زمانہ جاہلیت کے تعصبات کو بھڑکانے کی کوشش کررہے ہیں۔ اس قسم کی سرگرمیوں سے صرف نفرت اور کینہ رکھنے والوں کا ہی فائدہ ہوگا۔ مفتی اعلیٰ نے کہا کہ بے قصور مسلمانوں یا بے قصور غیرمسلم شہریوں یا ویزوں پر آنیوالوں پر حملوں اور ان کا خون بہانے کے فتوے دینا انتہائی پر خطر عمل ہے۔ قرآن کریم کی آیات اور احادیث مبارکہ کی روح سے کسی بھی بے قصور انسان کا خون بہانا جائز نہیں۔