حریت کانفرنس (ع) نے بھارت کیساتھ ٹریک ٹو سطح پر مذاکراتی عمل شروع کر دیا

حریت کانفرنس (ع)  نے بھارت کیساتھ ٹریک ٹو سطح پر مذاکراتی عمل شروع کر دیا

سری نگر (کے پی آئی ) کل جماعتی حریت کانفرنس (ع) نے بھارت کے ساتھ ٹریک ٹو سطح پر مذاکرات کا عمل شروع کر دیا ہے ۔ذرائع کے مطابق حریت کانفرنس (ع) کے سابق چیئرمین پروفیسر عبدالغنی بٹ نے گزشتہ دنوں نئی دلی میں بھارتی خفیہ ادارے را کے سابق سربراہ اے ایس دلت ،اشوک بھان ،پریم شنکر جھا اور وزیر اعظم کے مشیر ستیش لامبا کے ساتھ ٹریک ٹو سطح پر ملاقاتیں کیں اور پھر واپس سری نگر پہنچ گئے۔  پیر کے روز انہوں نے حریت کانفرنس (ع) کی ایگزیکٹیو کونسل ،جنرل کونسل اور ورکنگ کمیٹی کے مشترکہ اجلاس میں حریت رہنماوں کو اپنی ملاقاتوں  سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں بھارت کے ساتھ ٹریک ٹو سطح پر مذاکراتی عمل کے لیے لائحہ عمل طے کیا گیا۔پروفیسر عبدالغنی بٹ نے کہاکہ حریت کانفرنس مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کوئی بھی اقدام کرے گی اور اس دیرینہ مسئلے کے حل کیلئے حریت (ع) کوئی بھی قیمت دینے کیلئے تیار ہے۔ اقوام متحدہ قراردادیں ،دوطرفہ و سہ فریقہ بات چیت کی اصطلاحیں ہمارے لئے بے معنی ہیں ۔ہم  چاہتے ہیں مسئلہ کشمیر حل ہوہم ان اصطلاحوں میں پڑ کر خود کو پریشان کیوں کریں۔ ہم ہر اس طریقہ کار کو اختیار کریں گے جو مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے مدد گار ہو۔ یہ وقت مسئلے کو حل کرنے کیلئے صحیح ہے اور ہمیں آگے بڑھنا ہوگا۔