افغانستان ۔ بم دھماکے، ایک ہی خاندان کے 7 بچوں سمیت 11 افراد جاں بحق

افغانستان ۔ بم دھماکے، ایک ہی خاندان کے 7 بچوں سمیت 11 افراد جاں بحق

کابل /لندن(اے این این‘ این این آئی) افغان صدر حامد کرزئی نے امریکی فوجیوں کو افغان باشندوں کے گھروں کی تلاشی لینے کی اجازت دینے سے متعلق امریکہ کے ساتھ دوطرفہ سکیورٹی معاہدے میں شامل اہم شق کو مسترد کر دیا جس کے بعد یہ معاہد ہ خطرے میں پڑگیاہے۔ برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایک اعلیٰ افغان عہدیدار اور مغربی سفارتکار نے بتایا کہ ممکنہ سکیورٹی معاہدے میں یہ اہم شق شامل تھی کہ افغانستان سے اتحادی افواج کے انخلاء کے بعد امریکی فوجیوں کو افغان باشندوں کے گھروں کی تلاشی لینے کا اختیار ہو گا۔ ایک ہفتہ سے زائد ہونے والی ملاقاتوں میں اس حوالے سے تعطل پایا جاتا رہا۔ کرزئی نے کہا ہے کہ امریکی فوجی یکطرفہ کارروائی کر سکتے ہیںنہ ہی افغان فوج کے ساتھ مشترکہ طورپر گھروں کی تلاشی لے سکتے ہیں۔ ادھر کابل میں امریکی سفارت خانے اور نیٹو ہیڈ کوارٹرز نے اس حوالے سے کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔ دوسری جانب افغان صدر کے قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر رنگین دادفر سپانتا نے پارلیمنٹ کے ایوان زیریں کو بتایا کہ امریکہ کے ساتھ مستقبل کے تعاون کا انحصار دوطرفہ سکیورٹی معاہدے پر ہے۔ امریکی فوجیوں کے کسی جرم میں ملوث ہونے پر انہیں افغان یا امریکی قانون کے مطابق سزا دینے کے معاملے پربنیادی اختلافات موجود ہیں۔ افغان فوجیوں کو 2015ء کے آغاز سے دن یا رات کے اوقات میں گھروں میں چھاپوں کی اجازت نہیں دی جائے گی، افغان اپنی زمینی اور فضائی حدود کی حفاظت کرنے کے خود ذمہ دار ہوں گی۔ اگر افغانستان کی علاقائی سالمیت کو کوئی بیرونی خطرہ لاحق ہوا تودونوں ممالک مل کر جوابی کارروائی کریں گے اس معاملے پر اتفاق رائے موجود ہے۔ ذرائع کے مطابق دوطرفہ سیکیورٹی معاہد ے کامسودہ منظوری کے لئے منگل کو لویہ جرگہ میں پیش کیا جائے گا۔ادھر جرمنی کے نمائندہ خصوصی برائے پاکستان و افغانستان مائیکل چک نے کرزئی سے ملاقات میں خطے میں امن و سلامتی سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ افغانستان اور امریکہ کے درمیان مجوزہ سکیورٹی معاہدہ بھی زیرغور آیا۔ادھرافغانستان میں سڑک کنارے نصب بم دھماکوں کے مختلف واقعات میں ایک ہی خاندان کے 7 بچوں سمیت 11 افراد مارے گئے جبکہ افغان اور اتحادی افواج کی مشترکہ کارروائیوں میں 10 طالبان کو شہید‘ 3 کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے