افغانستان ‘ عراق : جنگی طیارہ اور ہیلی کاپٹر تباہ‘ چھڑپیں‘ 7 امریکی فوجی ہلاک ‘ 17 طالبان شہید

کابل/بغداد (اے ایف پی) افغانستان میں ایک امریکی لڑاکا طیارہ اور عراق میں ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں عملے کے 4 ارکان ہلاک اور 2 زخمی ہو گئے۔ ادھر بارودی سرنگ دھماکے اور جھڑپوں میں 17 طالبان شہید اور 11 شہری جاں بحق ہو گئے۔ غزنی میں امریکہ کا ایف ای لڑاکا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں پائلٹ اور معاون پائلٹ ہلاک ہو گئے۔ بغداد سے 30 میل دور ایک امریکی ہیلی کاپٹر تربیتی مشن کے دوران گر گیا۔ اس حادثے میں عملے کے دو ارکان ہلاک اور 2 زخمی ہو گئے۔بصرہ میں اتحادی فوج کے اڈوں پر حملے میں 3 امریکی فوجی ہلاک ہو گئے۔ طالبان نے صوبہ پکتیکا میں نیٹو فورسز کے اڈے پر حملہ کر دیا۔ اتحادی افواج کی جوابی فائرنگ اور بمباری سے 14 طالبان شہید ہو گئے۔ ادھر صوبہ ننگرہار کے ضلع سپین غر میں طالبان نے قبائلی جرگے پر حملہ کر دیا اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں دو قبائلی سردار مارے گئے جبکہ 3 طالبان بھی شہید ہو ئے۔ صوبائی پولیس کے سربراہ نے بتایا کہ کارروائی کے دوران 10 قبائلی افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے جن کا تعلق پاکستان کے آفریدی قبیلے سے ہے۔ سپن بولدک کے قریب گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے نتیجہ میں 11 افراد جن میں 5 خواتین بھی شامل تھی ہلاک ہو گئے۔