امریکی سفارتخانے کی پھرتیاں، ایک اننگز ختم ہونے پر ہی افغانستان کو کامیابی کی مبارکباد دیدی، غلطی کے احساس پر معذرت

کابل (آئی این پی/ نوائے وقت نیوز) کابل میں امریکی سفارتخانے نے جلد بازی سے کام لیتے ہوئے ورلڈ کپ کے افغانستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلے جانے والے میچ کی ایک اننگز کے اختتام پر ہی ٹوئیٹر پیغام میں افغانستان کو جیت کی مبارکباد پیش کر دی۔ بعدازاں غلطی کا احساس ہونے پر معذرت کر لی اور افغان ٹیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ورلڈ کپ میں پہلی بار ورلڈکپ کھیلنے والی ٹیم افغانستان اپنے پہلے میچ میں بنگلہ دیش سے نبرد آزما تھی میچ کی اننگز کے اختتام پر بنگلہ دیش نے افغانستان کو جیت کیلئے 268 رنز کا ٹارگٹ دیا، ایک اننگز کے بعد ہی کابل میں قائم امریکی سفارتخانے نے ٹوئیٹر پیغام میں افغانستان کو جیت کی مبارکباد دے دی، جب دوسری اننگز شروع ہوئی تو افغانستان کے تین رنز پر تین کھلاڑی پویلین لوٹ گئے جس کے بعد امریکی سفارتخانے نے دوبارہ ٹوئیٹر پیغام میں غلطی پر معذرت کی اور کہا کہ ہماری نیک خواہشات افغان ٹیم کے ساتھ ہیں۔