ملالہ یوسفزئی ٹائم میگزین کی دنیا کے 100 بااثر افراد کی فہرست میں شامل

ملالہ یوسفزئی ٹائم میگزین کی دنیا کے 100 بااثر افراد کی فہرست میں شامل

لندن (بی بی سی) پاکستان کی وادی سوات سے تعلق رکھنے والے پندرہ سالہ طالبہ ملالہ یوسفزئی کا نام امریکہ کے ٹائم میگزین کی دنیا کے سو سب سے بااثر افراد کی سالانہ فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ وہ اس فہرست میں جگہ پانے والی واحد پاکستانی ہیں۔ خواتین کے لیے تعلیم کے حق کی حامی ملالہ یوسفزئی گزشتہ برس اکتوبر میں طالبان کے قاتلانہ حملے میں زخمی ہو گئی تھیں۔ ملالہ کا نام اس فہرست میں ’آئیکون‘ کے درجے میں رکھا گیا ہے اور اس درجے میں ان کے علاوہ برما کی جمہوریت پسند رہنما آنگ سان سو چی، امریکی خاتونِ اول مشل اوباما اور برطانوی شہزادی کیتھرین میڈلٹن کا نام بھی شامل ہے۔ ملالہ یوسفزئی کی تصویر ٹائم میگزین کے سرورق پر شائع کی گئی ہے۔ ٹائم میگزین کا کہنا ہے کہ طالبان ملالہ کو شہید تو نہ کر پائے لیکن اس واقعے نہیں انہیں ایک استعارہ بنا دیا اور اب ملالہ وہیں ہیں جہاں وہ ہونا چاہتی تھیں یعنی کہ واپس سکول میں۔