یمن: گھمسان کی لڑائی 50 باغی ہلاک
صنعائ(این این آئی) یمن کی سرکاری فوج اور حکومت نواز ملیشیا نے دارالحکومت صنعاء کے مشرق میں واقع نھم گورنری کے کئی اہم علاقے حوثی باغیوں سے چھڑا لیے۔دوسری جانب عرب اتحادی طیاروں نے صنعاء سمیت کئی دوسرے شہروں میں حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر بم باری کی جس کے نتیجے میں 42باغی مارے گئے ،ادھر مغربی یمن کے علاقوں مآرب اور صرواح میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر بم باری کی۔ تازہ لڑائی اور بم باری میں صرواح میں آٹھ حوثی جنگجو ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔میڈیارپورٹس کے مطابق یمنی فوج کی ویب سائیٹ پر پوسٹ کی گئی ایک خبر میں فیلڈ ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ نھم گورنری میں حکومتی فوج اور باغیوں کے درمیان گھمسان کی لڑائی کے بعد حوثی شدت پسندوں کو کئی اہم تزویراتی ٹھکانوں سے محروم کردیا گیا ۔ذرائع کا کہنا تھا کہ نھم گورنری کے پہاڑی سلسلے الوعرہ میں الرمادہ اور ضبوعہ ڈیم کے درمیان ’التباب السود‘ کے مقام پر حکومتی فورسز نے کنٹرول حاصل کرلیا۔ذرائع کا کہنا تھا کہ لڑائی کے دوران متعدد 42باغی ہلاک ہوئے،مشرقی صنعا میں نھم گورنری اور اس کے اطراف میں کئی مقامات پر گھمسان کی لڑائی جاری رہی۔ اس دوان سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحادی طیاروں نے بمباری کا سلسلہ بھی جاری رکھا جس کے نتیجے میں صنعاء کے قریب کئی اہم علاقوں سے باغیوں کو نکال دیا گیا۔ تازہ آپریشن میں صنعاء کے قریبی علاقوں سے باغیوں کی شکست دارالحکومت کی طرف حکومتی فوج کی پیش قدمی میں اہم سنگل میل ثابت ہوگی۔ادھر مغربی یمن کے علاقوں مآرب اور صرواح میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر بم باری کی۔ تازہ لڑائی اور بم باری میں صرواح میں 8 حوثی جنگجو ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ دریں اثناء یمن کی سرکاری فوج نے شبوہ گورنری کے علاقے بیحان میں ایران نواز حوثی باغیوں کی قائم کردہ ایک جیل پر دھاوا بولا اور جیل میں قید کیے گئے شہریوں کو چھڑا لیا۔عرب ٹی وی کے مطابق سماجی کارکنوں نے سوشل میڈیا پر کچھ تصاویر اور ویڈیوز پوسٹ کی ہیں جن میں حوثیوں کی ایک جیل پر یمنی فوج کے دھاوے کے مناظر دکھائے گئے ہیں۔ذرائع کا کہنا تھا کہ قومی مزاحمتی فورسز اور یمنی فوج نے جیل اور اس کے اطراف کے علاقوں کو حوثی باغیوں سے چھڑا لیا۔ یمنی فوج نے جیل پر دھاوا بول کر عسیلان اور بیحان ڈاریکٹوریٹ سے گرفتار کرکے جیل میں ڈالے گئے تمام قیدیوں کو چھڑا لیا۔ یمنی باغیوں اور حکومتی فورسز کے درمیان بیحان جیل اور اس کے اطراف میں 17 گھنٹے تک لڑائی جاری رہی۔خیال رہے کہ بیحان اور عسیلان جنوب مشرقی یمن کی شبوہ گورنری میں حوثی باغیوں کے اہم ترین تزویراتی ٹھکانے تھے جنہیں باغیوں سے چھڑالیا گیا ہے۔ عسکری ماہرین کا کہنا تھا کہ بیحان اور عسیلان کے علاقوں میں باغیوں کو شکست جنوب مشرقی یمن میں حوثیوں پر کاری ضرب ہے۔ اس کے نتیجے میں دیگر گورنریوں کے مقبوضہ علاقوں کو باغیوں سے چھڑانے کا عمل مزید تیز ہوجائے گا۔