پیرس: سڑکوں پر نماز پر پابندی‘ خالی بیرکوں میں ادا کرنے کی پیشکش

پیرس (بی بی سی ڈاٹ کام) پیرس میں سڑکوں پر نماز ادا کرنے پر پابندی کا نفاذ شروع ہو گیا ہے‘ مساجد میں جگہ کم ہونے کے سبب مسلمان سڑکوں پر نماز ادا کرتے تھے۔ فرانس کے وزیر داخلہ کلاڈ گیونٹ نے ان نمازیوں کو فائر بریگیڈ کے ان بیرکوں میں نماز ادا کرنے کی پیشکش کی ہے جو اب استعمال میں نہیں رہے۔ دائیں بازو کی جماعت کی جانب سے مظاہروں کے بعد مسلمانوں کا سڑکوں پر نماز پڑھنے کے موضوع نے سیاسی رنگ اختیار کر لیا تھا۔ ایک اندازے کے مطابق فرانس میں مسلمانوں کی آبادی 60 لاکھ ہے جو مجموعی آبادی کا تقریباً 10 فیصد ہے۔ سڑکوں پر نماز پڑھنے پر پابندی کا نفاذ جمعرات کی رات سے شروع ہو گیا۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ فرانس میں تقریباً ایک ہزار لوگ سڑکوں پر نماز ادا کر رہے تھے۔ دو مقامی مساجد سے اس بات پر معاہدہ ہو گیا ہے کہ اگلے تین سال کے لئے نمازیوں کے لئے فائر بریگیڈ کے غیر استعمال شدہ بیرکوں کو تین سال کے لئے کرائے پر دیا جائے گا۔ مسجد کے امام محمد صالح حمزہ کا کہنا ہے کہ بیرکوں میں نماز کی تیاری کا کام ابھی مکمل نہیں ہوا ہے اور افراتفری کا عالم ہے‘ انہوں نے کہا کہ ہم بھیڑ بکری نہیں ہیں۔