پیپلز پارٹی مفادات کیلئے واجپائی یا کسی ٹھاکرے کو بھی ٹکٹ دے سکتی ہے: سمیع اللہ


لاہور (آئی این پی) مسلم لیگ (ن) میں جانیوالے سمیع اللہ خان نے کہا ہے کہ اگر اٹل بہاری واجپائی اور کوئی بال ٹھاکرے بھی پاکستان سے کامیاب ہو سکتے ہوں تو پیپلز پارٹی انکو بھی ٹکٹ دے سکتی ہے، پیپلز پارٹی کے مجھ پر بہت احسانات ہیں مگر میرا پارٹی پر کوئی احسان نہیں، آج بھی قمرالزمان کائرہ میری آئیڈیل شخصیت ہیں، پیپلز پارٹی کا چہرہ منظور وٹو، انور سیف اللہ اور مخدوم احمد محمود جیسوں نے تبدیل کر دیا ہے، کل کو چودھری منظور اور قمرالزمان کائرہ جیسے لوگ بھی میرے جیسا فیصلہ کر سکتے ہیں، میاں نوازشریف اور شہباز شریف کیخلاف آج تک ایک روپے کی بھی کرپشن ثابت نہیں ہو سکی۔ ہفتے کے روز ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سمیع اللہ خان نے آبدیدہ ہوتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کو چھوڑنے کا فیصلہ مشکل تھا مگر آخر کار ملک اور قوم کے مفادات کو سامنے رکھتے ہوئے پارٹی چھوڑ کر (ن) لیگ میں شامل ہوا۔ انہوں نے کہا کہ میں یہ نہیں کہتا کہ پنجاب میں سب کچھ ٹھیک ہے مگر اس بات میں کوئی شک نہیں مرکز اور باقی صوبوں کے مقابلے میں یہاں کے حالات بہت بہتر ہیں اور انکو مزید بہتر کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں شریف برادران کے بارے میں جو کہتا رہا ہوں وہ میرا نہیں پارٹی کا موقف تھا۔
سمیع اللہ خان