ق لیگ کے الیکشن، شجاعت مرکزی صدر، مشاہد سیکرٹری جنرل منتخب کر لئے جائینگے


لاہور (خصوصی رپورٹر) ق لیگ میں پارٹی الیکشن 28 فروری تک مکمل کر لئے جائیں گے۔ مرکزی عہدیداروں کا الیکشن کرانے کیلئے سینیٹر کامل علی آغا کو چیف الیکشن کمشنر مقرر کیا گیا ہے۔ کامل علی آغا نے نوائے وقت کو بتایا پارٹی کے مرکزی صدر و سیکرٹری جنرل کا انتخاب 28 فروری کو ہو گا۔ ادھر الیکشن کمشنر پنجاب عالمگیر ایڈووکیٹ نے نوائے وقت کو بتایا وہ الیکشن کمیٹی سے مشاورت کے بعد الیکشن کی تاریخ کا اعلان کرینگے۔ انہوں نے بتایا 26 فروری تک پنجاب کی صوبائی تنظیم کے انتخابات کرا دیئے جائیں گے۔ سندھ میں ق لیگ کے سبکدوش ہونے والے جنرل سیکرٹری شیخ حلیم عادل نے بتایا وہ سندھ کے صوبائی صدر کے امیدوار نہیں تاہم سندھ میں اتفاق رائے سے غوث بخش مہر کی جگہ نیا صدر لایا جائے گا۔ امکان غالب ہے مرکز میں ایک مرتبہ پھر چودھری شجاعت حسین صدر اور مشاہد حسین سید سیکرٹری جنرل منتخب کر لئے جائیں گے جبکہ پنجاب میں چودھری پرویز الٰہی کے ایک مرتبہ پھر بلامقابلہ صدر منتخب ہونے کا قوی امکان ہے۔ بلوچستان میں جام یوسف کی وفات کے بعد میر نصیر مینگل یا ارباب محمد ہاشم میں سے ایک کو صدر بنائے جانے کا امکان ہے جبکہ خیبر پی کے میں سید قاسم شاہ ایک مرتبہ پھر صدر منتخب ہو سکتے ہیں۔
ق لیگ/ الیکشن