انٹرپول نے ڈاکٹر ذاکر نائیک کیخلاف بھارت کے ریڈ کارنر نوٹس کا مطالبہ مسترد کردیا
لندن(صباح نیوز+ نوائے وقت رپورٹ) انٹرپول نے بین الاقوامی شہرت یافتہ مذہبی سکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک کیخلاف بھارت کا ریڈ کارنر نوٹس کا مطالبہ مسترد کر دیا۔ بھارت نے ڈاکٹر ذاکر نائیک کے خلاف انٹرپول کو ریڈ کارنر نوٹس کی درخواست کی تھی جس میں ان پر منی لانڈرنگ، نفرت انگیز تقاریر کے الزام عائد کیے گئے تھے لیکن انٹرپول نے مذہبی سکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک کیخلاف ریڈ کارنر نوٹس منسوخ کرتے ہوئے اپنے بین الاقوامی دفاتر سے ڈاکٹر ذاکر کی معلومات ہٹانے کی ہدایت کردی ہے۔انٹرپول نے ڈاکٹر ذاکر نائیک کی لندن میں قانونی فرم کو خط لکھ کر آگاہ کیا ہے کہ بھارتی حکومت کی جانب سے ذاکر نائیک کے خلاف جو شواہد جمع کرائے گئے تھے وہ مذہبی اور سیاسی تعصب پر مبنی تھے جس کا حقائق سے کوئی تعلق نہیں ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ برس بنگلہ دیش میں ریسٹورنٹ پر حملے میں ملوث افراد نے گرفتاری کے بعد مبینہ طور پر ڈاکٹر ذاکر نائیک کی تقاریر سے متاثر ہونے کا بیان دیا گیا تھا۔