امریکہ: حملہ آور نے سکول میں خود کار فوجی رائفل سے فائرنگ کی

واشنگٹن (ثناءنیوز) کینٹی کٹ واقعے کی ابتدائی تحقیقات کے بعد امریکی حکام نے کہا ہے کہ حملہ آور نے فائرنگ میں خودکار فوجی رائفل کا استعمال کیا۔ حکام کے مطابق متعدد بچے ایک سے زیادہ گولیاں لگنے سے ہلاک ہوئے۔ اس حملے میں ہلاک ہونے والے زیادہ تر بچوں کی عمریں چھ سے سات برس بتائی گئی ہیں۔ ابتدا میں بتایا گیا تھا کہ ایڈم لاننزا نامی 20 سالہ حملہ آور نے شاید ہینڈ گنز کا استعمال کیا تھا‘ تاہم اب تفتیشی حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ ہلاک ہونے والے بچوں اور دیگر افراد بش ماسٹر 233 رائفل کی گولیوں کا نشانہ بنے۔ واضح رہے کہ یہ رائفل فوجی کارروائیوں میں استعمال ہوتی ہے۔ طبی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں لائے گئے نو بچوں کی لاشوں کے معائنے سے پتہ چلا ہے کہ انہیں تین تا گیارہ گولیاں لگیں۔