ایٹمی پروگرام کا خاتمہ‘ ایران کیخلاف امریکہ سے پہلے فوجی کارروائی کر سکتے ہیں: اسرائیلی وزیراعظم کی دھمکی

ایٹمی پروگرام کا خاتمہ‘ ایران کیخلاف امریکہ سے پہلے فوجی کارروائی کر سکتے ہیں: اسرائیلی وزیراعظم کی دھمکی

واشنگٹن (آن لائن ) انتہا پسند اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے دھمکی دی ہے کہ ان کا ملک امریکہ سے پہلے ایران کے ایٹمی پروگرام کو ختم کرنے کے لئے فوجی کارروائی کر سکتا ہے۔ ایران کے نو منتخب صدر حسن روحانی بھیڑ کی کھال میں بھیڑیا ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکی ٹی وی "سی بی ایس" کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ اسرائیلی وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہم ایران سے زیادہ قریب اور زیادہ خطرے میں ہیں، اس لئے ایران کا سامنا کرنے کے لئے ہمیں شاید امریکہ سے پہلے ہی تیاری رکھنا ہو گی۔ نئے ایرانی صدر "حسن روحانی مسکراہٹ بکھیر کر ایٹم بم بنانا چاہتے ہیں۔ ان کی حکمت عملی یہ ہے کہ بھیڑ کی کھال میں بھیڑیئے بن کر رہو۔اسرائیلی وزیراعظم نے ایرانیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ لوگ ممنوعہ حد پار کرنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ تل ابیب، امریکہ سے پہلے ایرانی نیوکلیئر پروگرام کو نشانہ بنا سکتا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کے پاس اس وقت 190 کلوگرام بیس فیصد افزودہ یورنیم موجود ہے جبکہ ایٹم بم بنانے کے لئے 250 کلوگرام یورنیم درکار ہوتا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انتہا پسند وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے ایک مرتبہ پھر دھمکی دی ہے کہ وہ لبنانی تنظیم حزب اللہ تک خطرناک ہتھیار پہنچنے کی اجازت نہیں دیں گے۔