عالمی برادری سوات متاثرین کی بحالی اور تعمیر نو کیلئے فوری امداد فراہم کرے: اقوام متحدہ

اقوام متحدہ (نمائندہ خصوصی) پاکستان میں طالبان کیخلاف ہونے والے آپریشن کے نتیجے میں 20 لاکھ سے زائد بے گھر ہونے والے افراد کا بحران نازک مرحلے میں داخل ہو چکا ہے عالمی برادری متاثرین کی بحالی اور تعمیر نو کیلئے فوری امداد فراہم کرے۔ ان خیالات کا اظہار اقوام متحدہ کے ایمرجنسی ریلیف کوآرڈینیٹر جان ہومز نے جو انسانی امور کے انڈر سیکرٹری جنرل بھی ہیں۔ یہاں پاکستان کے چار روزہ دورے کے بعد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈونرز سے مئی میں اقوام متحدہ نے متاثرین کے لئے 54 کروڑ 30 لاکھ ڈالر فراہم کرنے کی اپیل کی تھی لیکن اس کی رقم کا صرف 42 فیصد حاصل ہوا ہے جبکہ اس کام کیلئے خطیر رقم کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں ڈونرز اور عالمی برادری سے پھر اپیل کرتا ہوں کہ وہ متاثرین کی بحالی اور تعمیر نو کے کام کیلئے بھاری فنڈز فراہم کریں۔