تیونس:مہنگائی کے خلاف پرتشدد مظاہرے جاری، مشتعل افراد کی توڑپھوڑ
تیونس سٹی(این این آئی)افریقی ملک تیونس میں مہنگائی کے خلاف ملک کے کئی شہروں میں پرتشدد احتجاجی مظاہرے جاری ہیں ، دوسری جانب پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان کے خلاف طاقت کا استعمال کیا ۔ پولیس نے مظاھرین کو بھگانے کے لیے ان پر لاٹھی چارج کیا،اور آنسوگیس کی شیلنگ کی۔مظاہرین نے توڑ پھوڑ کی ۔میڈیارپورٹس کے مطابق تیونس میں گزشتہ سوموار کو پرتشدد مظاہرے شروع ہوگئے تھے۔ ان مظاہروں کے دوران توڑپھوڑ، لوٹ مار، جلاؤگھیراؤ اور دیگر پرتشدد حربے استعمال کیے گئے۔ مظاہرین حکومت کی طرف سے عاید کردہ نئے ٹیکسوں کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔ گزشتہ روز دارالحکومت تیونسیہ میں شہریوں کی بڑی تعداد نے سڑکوں پر نکل کر احتجاج کیا۔ مظاہرین نے ٹائر جلا کر سڑکیں بند کردیں۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے ان پر آنسو گیس کی شیلنگ کی۔تیونس میں نئے ٹیکسوں کے نفاذ کے خلاف پرتشدد مظاہرے ہوئے۔ دوسری جانب پولیس نے بھی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر طاقت کا استعمال کیا۔