بٹ کوائن کے ذریعے داعش کی مدد کرنے پر پاکستانی نژاد امریکی خاتو ن گرفتار
نیویارک(این این آئی) امریکی شہر نیو یارک میں ایک خاتون پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کی مالی معاونت کے لیے بِٹ کوائن اور دیگر کرپٹو کرنسی کے ذریعے منی لانڈرنگ کی۔ امریکی ٹی وی کے مطابق امریکی حکام نے 27 سالہ زوبیا شہناز پر بینک فراڈ، منی لانڈرنگ کی سازش اور منی لانڈرنگ کا فرد جرم لگایا ہے۔ شہناز کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ زوبیا شہناز پاکستان میں پیدا ہوئیں اور امریکہ میں لیبارٹری ٹیکنیشن کے طور پر کام کر رہی تھیں۔ جعل سازی کر کے 85 ہزار ڈالر کا بینک سے قرض لیا۔ استغاثہ کا کہنا تھا کہ شہناز پاکستان براستہ ترکی جا رہی تھیں‘ ان کو حکام نے جان ایف کینیڈی ہوائی اڈے پر سے گرفتار کیا گیا۔ ان کے پاس سے ساڑھے نو ہزار ڈالر نقدی برآمد کیے گئے۔ زوبیا شہناز کو منی لانڈرنگ کے ہر الزام پر 20 سال قید اور بینک فراڈ کے الزام میں 30 سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔