افواج چیلنجز سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں، منموہن: مریخ پر مشن بھیجنے کا اعلان

افواج چیلنجز سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں، منموہن: مریخ پر مشن بھیجنے کا اعلان

نئی دہلی (اے پی پی) بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ نے کہا ہے کہ بھارتی افواج ملک کو درپیش کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں، افواج کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا عمل جاری رہے گا، نکسل باڑی ملک کی سلامتی کیلئے خطرہ ہیں، ملک کی سکیورٹی بہتر بنانے کیلئے مزید اقدامات اٹھانے ہونگے، پوری کوشش ہے کہ ملک سے اندھیروں کو ختم کر کے آئندہ پانچ سالوں کے دوران ہر گھر کو بجلی فراہم کریں دنیا کی کوئی طاقت اب بھارت کو ترقی سے نہیں روک سکتی جلد مریخ پر بھی اپنا خلائی مشن بھیجیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نئی دہلی میں جشن آزادی کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ بھارتی وزیراعظم نے 65ویں یوم آزادی پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے 65 سالوں میں بہت کچھ حاصل کر لیا ہے مگر ہماری آزادی تب پوری ہو گی جب ملک سے غربت کا خاتمہ ہو گا۔ ملک سے پولیو کا مکمل خاتمہ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پر قابو اور بے روزگاری کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ بھارتی وزیراعظم نے ایٹمی میزائل تجربوں پر سائنسدانوں کو بھی مبارکباد دی۔ بھارتی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اگر ملک کی سلامتی کو محفوظ بنانا ہے تو اقتصادی شرح ترقی کو بھی بہتر بنانا ہو گا ملک میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرنا ہو گی۔ سماجی کارکن اناہزارے کی کرپشن خاتمے کی شروع کی گئی تحریک کو بھی سراہا، حکومت کرپشن کے خاتمے کو ترجیح دیگی۔