شہزادہ سلمان سے خرم دستگیر کی ملاقات، آزاد تجارتی معاہدے کو حتمی شکل دینے پر اتفاق
جدہ(امیر محمد خان) ریاض (آئی این پی) سعودی ولی عہد شہزادہ سلمان بن عبدالعزیز السعود سے وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر نے گذشتہ روز ملاقات کی جس میں دوطرفہ تجارتی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے سمیت دیگر امور پر بات چیت ہوئی۔ ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب نے آزادانہ تجارت کے معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا۔ وزیر تجارت نے سعودی ولی عہد کو صدر ممنون حسین اور وزیراعظم نوازشریف کا خیرسگالی کا پیغام پہنچایا، سعودی ولی عہد نے اپنے حالیہ دورہ پاکستان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔ دونوں راہنمائوں نے پاکستان اور سعودی عرب کی ترقی و خوشحالی کیلئے پاکستانی تارکین وطن کے کردار کی تعریف کی۔پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تجارت کے مشترکہ وزارتی کمشن کا اجلاس آج (بدھ کو) یہاں شروع ہوگا،دونوں ممالک کے درمیان موجودہ تجارتی حجم 5 ملین ڈالر سالانہ کو بڑھا کر 25 ارب ڈالر تک لے جانے کیلئے سعودی ولی عہد اور دیگر اعلیٰ سعودی حکام کے پاکستان کے حالیہ دورہ کے دوران اتفاق کیا گیا تھا۔