سوڈان: تقریب کے دوران نوجوان نے نائب صدر کے منہ پر جوتا دے مارا

 الہلالیہ(ثناءنیوز)سوڈان کے وسطی شہر الہلالیہ کے ایک عینی شاہد نے اطلاع دی ہے کہ ایک شخص نے نائب صدر ڈاکٹر نافع علی نافع کے منہ پر جوتا دے مارا اور انہیں گالیاں دیں۔ عینی شاہد کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب حکمراں جماعت نیشنل کانگریس کے زیراہتمام نائب صدر کے اعزاز میں ایک پروگرام جاری تھا۔الہلالیہ سے ایک سکول ٹیچر یوسف الھادی کباشی نے العربیہ نیوزکو ٹیلیفون پر بتایا کہ میں اس تقریب میں موجود تھا کہ جب اچانک غصے میں بے قابو امین دفع اللہ نامی ایک نوجوان داخل ہوا اور جوتا اتار کر نائب صدر کی طرف اچھال دیا جو ان کے چہرے پر لگا۔ حملہ آور نے ڈاکٹر نافع علی نافع کو گالیاں بھی دیں اور برا بھلا کہا۔ یوسف کباشی نے بتایا کہ نائب صدر کو جوتا اس وقت مارا گیا جب وہ سٹیج پر بیٹھے تھے۔