حجاز مقدس میں اللہ کے مہمانوں کی خدمت کیلئے متمول سعودی خواتین بھی سرگرم

مکہ المکرمہ (اے پی پی) حجاز مقدس میں اللہ کے مہمانوں کی خدمت کیلئے سعودی حکام کے علاوہ متمول سعودی خواتین بھی جوش و خروش سے سرگرم عمل ہیں۔سعودی اخبار کی رپورٹ کے مطابق متمول سعودی خواتین حج کے دوران عازمین کی خدمت کیلئے سرگرم عمل ہیں۔ سعودی عرب کے وزیر محنت کی اہلیہ ماھا فتاحی بھی ایسی خواتین میں شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ متمول خواتین کا ایک گروپ حج بیت اللہ کے موقع پر مختلف ذمہ داریاں سرانجام دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال وہ حج کے دوران گم ہونے والے بچوں کی تلاش اور ان کو دوبارہ اپنے والدین اور عزیز واقارب سے ملانے والے گروپ میں کام کررہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایسا وہ اللہ کی خوشنودی کیلئے کر رہی ہیں۔