بیت اللہ شریف کا غلاف تبدیل، صدر ممنون حسین نے تقریب میں شرکت کی

بیت اللہ شریف کا غلاف تبدیل، صدر ممنون حسین نے تقریب میں شرکت کی

مکہ مکرمہ (نمائندہ خصوصی) مسجد الحرام میں بیت اللہ شریف کا غلاف تبدیل کردیا گیا ہے‘ غلاف کعبہ (کسویٰ) 2 کروڑ سعودی ریال کی لاگت سے 670 کلوگرام خالص ریشم سے تیار کیا گیا ہے۔ غلاف کعبہ کی تیاری میں 150 کلوگرام خالص سونا اور چاندی بھی استعمال کی گئی ہے اور اس پربیت اللہ کی حرمت‘ حج کی فرضیت اور فضیلت کے بارے میں قرآنی آیات کشیدہ کی گئی ہیں۔ اس کا سائز 658 مربع میٹر اور یہ 47 حصوں پر مشتمل ہے۔ غلاف کعبہ 200 کاریگروں اور ماہرین نے 8 ماہ میں تیار کیا ہے۔ غلاف کعبہ کی تیاری کیلئے دارالکسویٰ کے نام سے فیکٹری قائم کی گئی ہے۔ خانہ کعبہ کا غلاف ہر سال 2 مرتبہ تبدیل کیا جاتا ہے۔ ایک مرتبہ 2 شعبان اور دوسری مرتبہ 8ذوالحجہ کو نئے غلاف کسوٰی کو امام کعبہ شیخ عبدالرحمن السدیس نے مسجدالحرام کے کلید بردار شیخ عبدالقادر الشیبی کے حوالے کیا تھا۔ صدر ممنون حسین نے غلاف کعبہ تبدیل کرنے کی تقریب میں شرکت کی، دیگر سربراہان مملکت بھی شریک تھے۔ اتارے گئے غلاف کے ٹکڑے مہمان برادر اسلامی ممالک کے سربراہان اور معززین میں تقسیم کئے گئے۔ 1962ء میں غلاف کعبہ کی تیاری کی سعادت پاکستان کے حصے میں بھی آئی تھی۔