پاکستان میں 10 برس کے دوران دہشتگردی سے ہلاکتوں میں 74.8 فیصد اضافہ ہوا: بھارتی تھنک ٹینک

نئی دہلی (نیوز ڈیسک) پاکستان میں 2005ء سے 2015 کے دوران دہشت گردی سے ہلاکتوں میں 74.8 فیصد اضافہ ہوا۔ بھارتی میڈیا نے ایک تھنک ٹینک ’’سائوتھ ایشیاء ٹیررازم پورٹل‘‘ کے اعدادوشمار کے حوالے سے لکھا ہے کہ 10 سال کے دوران پاکستان میں دہشت گردی سے اموات میں 74.8 فیصد اضافہ ہوا۔ کراچی میں بس پر فائرنگ سے 45 افراد کی ہلاکتوں کے تناظر میں کہا گیا ہے پاکستان میں دہشت گردی سے ہلاکتوں میں کوئی کمی دیکھنے میں نہیں آرہی۔ جب کہ اسی عرصے میں بھارت میں دہشت گردی سے متعلق اموات میں 70 فیصد کمی ہوئی۔ پاکستان میں 10 برس میں 56480 افراد دہشت گردی کے بھینٹ چڑھ گئے اس طرح اوسطاً 14ہلاکتیں یومیہ بنتی ہیں۔ ان میں54 اعشاریہ 43 فیصد ہلاکتیں عسکریت پسندوں کی ہیں جو 30799 ہیں۔ ان میں 34 ا عشاریہ 95 فیصد شہری ہلاکتیں ہیں جو 19740 بنتی ہیں جب کہ 10عشاریہ 52 فیصد سیکورٹی فورسز کی ہلاکتیں جو 5941 ہیں۔ 2015میںکراچی سانحے سے قبل صرف 1520 افراد جاں بحق ہوئے۔